بلاگ تلاش کریں

ادبی تحریک کیا ہے اور اہم ادبی تحریکیں

Shehbaz Ali Solangi Humsub geo rekhta jung pakistan social iqbal allama

 

تحریر: شہباز علی سولنگی

ادبی تحریک سے مراد ادب میں کسی نئے رجحان، نظریے یا طرزِ اظہار کا ظہور ہے جو کسی خاص دور کے فکری، معاشرتی، سیاسی یا تہذیبی پس منظر میں پیدا ہوتا ہے۔ یہ تحریکیں پرانے جمود کو توڑ کر ادب کو ایک نئی سمت دیتی ہیں۔ ادب ہمیشہ ساکت نہیں رہتا بلکہ انسانی فکر اور معاشرے کے ساتھ بدلتا رہتا ہے۔ معاشرتی، سیاسی، مذہبی یا سائنسی تبدیلیاں جب عام انسان کے رویوں کو متاثر کرتی ہیں، تو ان کا عکس ادب میں بھی نظر آتا ہے۔ اسی ردعمل کے طور پر ایک نیا رجحان جنم لیتا ہے، جو بعد میں ایک باقاعدہ تحریک کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔


ادبی تحریک کی نمایاں خصوصیات:

جمود شکنی اور تبدیلی کی خواہش۔

کسی مخصوص نظریے یا فکر کی بنیاد۔

معاشرتی یا فکری پس منظر کا واضح عکس۔

ادب میں نئے اسالیب، زبان اور موضوعات کا ظہور۔

پچھلی روایت یا رائج ادب کے خلاف ردعمل کے طور پر پیدا ہونا۔


:تحریکِ ایہام گوئی

ایہام کا مطلب "وہم میں ڈالنا" ہے۔ اردو شاعری میں یہ ایک ایسی صنعت ہے جس میں شاعر ایسے الفاظ استعمال کرتا ہے جن کے دو مطلب ہوتے ہیں: ایک قریب (ظاہر) اور ایک بعید (چھپا ہوا)۔ شاعر ظاہری مطلب کا اشارہ دیتا ہے لیکن اصل مراد چھپے ہوئے مطلب سے ہوتی ہے۔ اس سے شعر میں ذہنی مشق اور معنی کی تہہ داری پیدا ہوتی ہے۔

مثال:

شب جو مسجد میں جا پھنسے مومن

رات کاٹی خدا خدا کر کے

اس صنعت کا تعلق صرف اردو سے نہیں بلکہ سنسکرت میں "شلش"، ہندی میں دوہے، اور انگریزی میں "لیمرک" کی صورت میں بھی پایا جاتا ہے۔ محمد حسین آزاد اور مولوی عبدالحق کے مطابق ایہام اردو میں ہندی اور سنسکرت شاعری کے اثر سے آیا۔


پس منظر

جب ولی دکنی نے اردو شاعری کو نئی زبان دی، تو فارسی شعرا نے اسے حقیر جانا۔ اس کے ردعمل میں خان آرزو اور ان کے شاگردوں نے اردو کو فروغ دیا۔ چونکہ فارسی مشکل گو زبان تھی، اردو شعرا نے بھی مشکل گوئی اور لفظی صنعت گری کے تجربے کیے جن میں ایہام کو خاص اہمیت ملی۔ عہدِ محمد شاہی میں ایہام کو ایک باقاعدہ تحریک کی صورت ملی۔ اس دور میں فارسی کا زوال ہو رہا تھا اور اردو ابھر رہی تھی۔ سیاسی حالات، جیسے نادر شاہ کا حملہ بھی اس تحریک کے پسِ منظر میں شامل تھے۔ لوگ محفوظ اظہار کے لیے ذومعنی الفاظ کا سہارا لینے لگے۔ میر تقی میر نے ایہام کا ذکر ان الفاظ میں کیا ہے: "پنجم ایہام است کہ در شاعر ان سلف دریں فن رواج داشت"۔


اہم ایہام گو شعرا

خان آرزو: اس تحریک کے بانی اور اردو کے حامی جنہوں نے اردو کو فارسی پر ترجیح دی۔

شاہ حاتم: ایہام گوئی کے بڑے شاعر جنہوں نے بعد میں زبان کی اصلاح کی کوشش کی۔

مبارک آبرو: ان کی شاعری میں تہذیبی رنگ، سوز و گداز اور ایہام کے ساتھ جذبہ بھی نظر آتا ہے۔

شاکر ناجی: عامیانہ ذوق اور تیز زبان والے شاعر، جن کا ایہام بعض اوقات مصنوعی لگتا ہے۔

مرزا مظہر جانِ جاناں: پہلے ایہام گو شاعر تھے، لیکن بعد میں اس کے خلاف تحریک چلائی اور سادہ و پُراثر شاعری کی بنیاد رکھی۔


زوال اور ردِ عمل

جلد ہی ایہام گوئی کے خلاف ردِعمل شروع ہو گیا کیونکہ یہ محض ایک لفظی مشق بن کر رہ گئی تھی۔ مرزا مظہر جانِ جاناں، شاہ حاتم اور یقین نے اصلاحِ زبان کی تحریک شروع کی، جس سے اردو شاعری میں سادگی، روانی اور جذبہ دوبارہ لوٹ آیا۔ یہ تحریک 1147ھ تک رائج رہی اور 1152ھ میں نادر شاہ کے حملے کے بعد زوال پذیر ہو گئی۔ اگرچہ اس کے خلاف ردعمل ہوا، مگر یہ حقیقت ہے کہ ایہام گو شعراء نے الفاظ کے پیکر تراشنے میں نمایاں حصہ لیا۔ ایک لفظ کے کئی مفاہیم اور ان کی معنوی تبدیلی جیسے لطیف نکات کی طرف جو توجہ ایہام گو شعراء نے دی، وہ اس سے قبل نہیں دی گئی تھی۔


فورٹ ولیم کالج: اردو نثر کی ابتدائی تحریک

فورٹ ولیم کالج کا قیام 4 مئی 1800ء کو کلکتہ میں عمل میں آیا۔ اگرچہ اس ادارے کا بنیادی مقصد سیاسی تھا، مگر اردو ادب، خاص طور پر نثر کی ترقی میں اس کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ یہ کالج برصغیر میں مغربی طرزِ تعلیم کا پہلا ادارہ تھا جس نے اردو نثر کو ایک واضح سمت فراہم کی۔


قیام کے محرکات اور سیاسی پس منظر

پلاسی (1757ء) اور بکسر (1764ء) کی جنگوں کے بعد انگریز برصغیر میں طاقتور ہو چکے تھے۔ 1798ء میں لارڈ ولزلی نے محسوس کیا کہ کمپنی کے ملازمین کی باقاعدہ لسانی و ثقافتی تربیت ضروری ہے تاکہ وہ بہتر انتظامی کردار ادا کر سکیں۔ اس کے علاوہ فارسی کی جگہ اردو کو ذریعہ تعلیم بنا کر مسلمانوں کی علمی برتری کمزور کرنا، اور مختلف زبانوں کی کلاسیکی کتابوں کے اردو تراجم کروانا بھی اس کے مقاصد میں شامل تھا۔ کالج کا مقصد صرف زبان سکھانا نہیں، بلکہ انگریزی اقتدار کو عوامی ذہنوں میں راسخ کرنا بھی تھا۔


ادبی خدمات اور نمایاں شخصیات

فورٹ ولیم کالج نے اردو نثر کو رسمی اور سلیس انداز میں ترقی دی۔ عوامی دلچسپی کے موضوعات، داستانوں، تاریخ اور لغت پر کام کیا گیا۔ مفہوم کے مطابق ترجمہ نگاری سے اردو نثر میں فکری وسعت آئی۔


ڈاکٹر جان گلکرسٹ: اردو زبان کے ماہر، کالج کے اردو شعبے کے پہلے صدر تھے۔ "ہندوستانی لغت" اور "قواعد زبان" تدوین کیں۔

میر امن دہلوی: "باغ و بہار" (قصہ چہار درویش کا ترجمہ) لکھ کر سادہ اور سلیس نثر کی بنیاد رکھی۔

حیدر بخش حیدری: سب سے زیادہ کتب مرتب کیں جن میں "آرائش محفل"، "گلزار دانش" اور "تاریخ نادری" شامل ہیں۔

میر بہادر علی حسینی: "سحرالبیان" کو نثر میں منتقل کیا اور "اخلاق ہندی" لکھی۔

میر شیر علی افسوس: "باغ اردو" (گلستان سعدی کا ترجمہ) اور "آرائش محفل" تحریر کیں۔

کاظم علی جوان: کالی داس کی تخلیق "شکنتلا" کا اردو ترجمہ کیا۔

رجب علی بیگ سرور: "فسانہ عجائب" کے ذریعے نثر میں قصہ گوئی کی اعلیٰ مثال پیش کی۔

اس تحریک کے نتیجے میں اردو نثر کی تہذیب، سادگی اور عام فہم اسلوب کو فروغ ملا اور اردو کو فارسی و عربی کے سائے سے نکال کر ایک زندہ عوامی زبان کے طور پر متعارف کروایا گیا۔


برصغیر کی اصلاحی تحریکیں اور ان کے اثرات

انیسویں صدی میں ہندوستان میں کئی ایسی فکری اور مذہبی تحریکیں ابھریں جنہوں نے معاشرے کے ساتھ ساتھ بعد میں آنے والی علی گڑھ تحریک کو بھی متاثر کیا۔

برہموں سماج (1827)

بانی: راجہ رام موہن رائے

اس کا مقصد ہندو مذہب کی اصلاح، برہمن ازم کی بدعات کا خاتمہ، سماجی مساوات، خواتین کے حقوق اور تعلیم کی ترقی تھا۔ انہوں نے جدید تعلیم کے لیے اسکول قائم کیے اور پریس پر توجہ دی۔ یہ توحید پرست تھے اور مفاہمت کے رویے پر یقین رکھتے تھے۔

اثرات: برہموں سماج نے علی گڑھ تحریک کو فکری طور پر متاثر کیا، اور سر سید احمد خان کی تحریک میں جدید تعلیم، خواتین کے حقوق اور مذہبی رواداری کے حوالے سے اس کا عکس نظر آتا ہے۔


آریا سماج

بانی: سوامی دیانند سرسوتی

اس کا مقصد براہمنی رسومات کو ختم کرنا اور ویدوں کی تعلیم پر زور دینا تھا۔

اثرات: اس تحریک نے تعلیم میں اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا، جس سے استفادہ کرتے ہوئے سر سید نے مسلمانوں کو جدید سائنسی تعلیم کی طرف راغب کیا۔


سید احمد بریلوی تحریک

بانی: سید احمد بریلوی

اس تحریک کا مقصد اسلامی فکری اور مذہبی احیاء تھا۔ انہوں نے مسلمانوں میں مذہبی شعور اجاگر کرنے اور سماجی اصلاحات کی بھرپور کوشش کی۔

اثرات: سید احمد بریلوی کی فکری بیداری نے سر سید احمد خان کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کی، جس سے متاثر ہو کر سر سید نے مسلمانوں کی تعلیمی و سماجی بقا کے لیے کام کیا۔


علی گڑھ تحریک اور سر سید احمد خان

انیسویں صدی کے سیاسی، سماجی اور مذہبی زوال کے پس منظر میں 1857ء کی جنگِ آزادی ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوئی۔ اس جنگ میں مسلمانوں کے نمایاں کردار کی وجہ سے انگریزوں نے ان پر سختیاں کیں۔ روزگار چھن گیا اور مسلمان تعلیمی و سیاسی میدان میں پسماندہ ہو گئے۔ ایسے میں سرسید احمد خان نے مسلمانوں کی بقا اور تعلیمی احیاء کے لیے علی گڑھ تحریک کی بنیاد رکھی۔


بنیادی مقاصد اور خدمات

علی گڑھ تحریک کے تین بنیادی مقاصد تھے: مسلمانوں کی تہذیبی و سیاسی بقا، مذہب کی عقلی تفہیم، اور اردو زبان و ادب کا فروغ۔ تعلیمی میدان میں سائنٹفک سوسائٹی اور محمڈن ایجوکیشنل کانفرنس نے علمی بیداری پیدا کی، جبکہ رسالہ 'تہذیب الاخلاق' نے اصلاحِ معاشرہ کی راہیں کھولیں۔


ادبی میدان میں اس تحریک نے اردو نثر کو فکری بنیاد فراہم کی۔ سوانح نگاری، مضمون نویسی اور اصلاحی نثر کو فروغ ملا۔ حالی، نذیر احمد، شبلی نعمانی اور محسن الملک جیسے مفکرین نے اس تحریک کو تقویت دی۔ اگرچہ اودھ پنچ جیسے رسائل نے اس پر تنقید کی، مگر مجموعی طور پر یہ اردو کی پہلی فکری تحریک قرار پائی۔


سر سید احمد خان کی ادبی خدمات

سر سید احمد خان (پیدائش: 17 اکتوبر 1817) نے اردو نثر کو محض ایک بیانی ذریعہ سمجھنے کے بجائے ایک فکری وسیلہ بنایا۔ انہوں نے تقلید کی زنجیروں کو توڑ کر آزادیِ فکر اور عقلی استدلال کی بنیاد پر نثر کو جہت عطا کی۔ ان کے اسلوب کی سب سے بڑی خوبی سادگی، سلاست اور عام فہم انداز ہے۔ ان کی نثر علمی، عقلی اور اصلاحی رنگ لیے ہوئے ہے، جس میں تخیل آرائی کے بجائے منطق اور استدلال پر زور دیا گیا ہے۔


سر سید کی تصنیفی زندگی کے ادوار (بمطابق مولانا حالی)

پہلا دور: ابتدائی تصنیفی دور (1837 – 1857)

یہ دور خالص قدیم طرزِ فکر اور روایت میں ڈوبا ہوا تھا۔ اس میں اسلامی تاریخ اور قدیم تہذیب سے لگاؤ جھلکتا ہے۔


نمایاں تصانیف: آثار الصنادید (1847)، جامِ جم (1840)، تاریخِ ضلع بجنور۔

دوسرا حصہ: اس میں مغربی اثرات اور انگریزوں سے قربت کے آثار ملتے ہیں۔ تصانیف: آثار الصنادید کا دوسرا ایڈیشن (1854)، کلمتہ الحق، رسالہ اسبابِ بغاوتِ ہند (1859)۔

دوسرا دور: اصلاحی اور دفاعی تحریروں کا دور (1858 – 1869)

یہ سیاسی اور سماجی شعور کی پختگی کا دور ہے۔ اس میں بین المذاہب ہم آہنگی اور قوم پروری کے رنگ نمایاں ہیں۔

:نمایاں تصانیف

 The Loyal Muhammadans of India (1860)

 Sayings of the Mohammedans (1861)

تیسرا دور: جدیدیت، عقلیت اور سائنسی اسلام (1870 – 1898)

یہ سر سید کا تحریکی اور فلسفیانہ دور ہے، جس میں انہوں نے مذہب، سائنس، اور تعلیم پر گہرے مباحث کیے۔

نمایاں تصانیف: تفسیر القرآن، رسالہ احکامِ طعام اہلِ کتاب (1866)، خطبات احمدیہ، تہذیب الاخلاق (1870)، مضامین سر سید۔

مولانا الطاف حسین حالی اور علی گڑھ تحریک (ارکانِ خمسہ)

مولانا الطاف حسین حالیؔ (پیدائش: 1837ء، پانی پت) اردو کے پہلے جدید نقاد، مصلح، سوانح نگار اور قومی شاعر تھے۔ ان کی ادبی عظمت کا سورج علی گڑھ تحریک کے افق پر طلوع ہوا۔ 1879ء میں ان کی سر سید سے ملاقات ہوئی اور وہ علی گڑھ تحریک سے وابستہ ہو گئے۔


حالیؔ کی نمایاں خدمات:

مسدس مد و جزرِ اسلام (1879): سر سید کی فرمائش پر لکھی گئی یہ نظم علی گڑھ تحریک کا ادبی منشور بن گئی۔

مقدمہ شعرو شاعری (1893): اس تنقیدی رسالے کے ذریعے انہوں نے اردو شاعری کو عشق و عاشقی سے نکال کر قومی اصلاح کا ذریعہ بنایا۔

حیاتِ جاوید (1901): سر سید کی مفصل سوانح عمری، جس نے ان کی تحریک اور نظریات کو محفوظ کر دیا۔

سادہ نثر اور خواتین کی تعلیم: حالیؔ نے اردو نثر میں روانی پیدا کی اور اپنی نظموں (چپ کی داد، مناجاتِ بیوہ) کے ذریعے خواتین کی حالتِ زار اور تعلیم پر زور دیا۔


الطاف حسین حالی کی اہم تصانیف

عمومی تصانیف و تراجم:

تریاق مسموم

طبقات الارض (مبادی جیولوجی پر عربی سے ترجمہ)

مسدس حالی

حب الوطن

برکھارت

منطق پر رسالہ (1854 میں تلف ہوا)

اصولِ فارسی

مذہبیات:

مولود شریف

تریاق مسموم (پادری عماد الدین کے جواب میں)

رسالہ خیر المواعظ

شواہد الہام

اخلاقیات:

مجالس النساء (طالبات کے لیے لکھی گئی، جسے سرکار کی جانب سے انعام ملا اور برسوں نصاب کا حصہ رہی)


سوانح عمریاں:

سوانح حکیم ناصر خسرو

حیات سعدی

تذکرۂ رحمانیہ

یادگار غالب (غالب کو ان کے اصل مقام سے روشناس کروایا)


حیات جاوید

مضامین و انشا:

مضامین حالی

مقالات حالی

مکاتیب حالی


تنقید و شاعری:

مقدمۂ شعرو شاعری

دیوان حالی

مجموعۂ نظم حالی

ضمیمہ اردو کلیات حالی

انتخاب کلام داغ (نامکمل کام جسے بعد میں سجاد حسین اور محمد اسماعیل پانی پتی نے مکمل کیا)

کوئی تبصرے نہیں: