ساحلی زندگی کے تلخ حقائق اور انسانی نفسیات: 'دی گھوسٹ ٹریپ' کا فکری جائزہ
![]() |
تحریر: انجينئر مجاز حیدر
زندگی کے مختلف نشیب و فراز کے ساتھ ساتھ معاشی
معاملات بھی انسان کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ہیں۔ ان معاملات میں آنے والے
اتار چڑھاؤ کو یکساں رکھنے کے لیے انسان مسلسل حالتِ سفر میں رہتا ہے، گویا یہ سفر
بھی انسان کے لیے کسی ناگزیر جنگ سے کم نہیں ہوتا۔ میں بھی ایک دہائی سے اسی وجودی
جنگ کا حصہ رہا ہوں؛ کبھی ایک شہر میں تو کبھی کسی اور شہر میں۔ میں سفر کرنے کے لیے
اکثر اوقات بس یا ٹرین کو ترجیح دیتا ہوں، یا شاید اتنی ہی استطاعت رکھتا ہوں۔ لیکن
میں نے ایک چیز شدت سے محسوس کی ہے کہ بس یا ٹرین میں سفر کرنے سے آپ کو پسِ پردہ
دنیا دیکھنے کا موقع ملتا ہے، جو شاید آپ کبھی نہ دیکھ پاتے۔ اس طرح کے سفر میں آپ
کا مشاہدہ بعض اوقات گہری تخلیقی نوعیت کا بھی ہو جاتا ہے۔ میں چند گھنٹوں کے سفر
کے لیے ہمیشہ بس کو ترجیح دیتا ہوں، اور آج کل تو بسوں میں ہر سیٹ کے پیچھے ایک
چھوٹی سی ایل سی ڈی (LCD) اسکرین بھی لگی ہوتی ہے، جس میں نئے انداز و خیال والی فلمیں یا
دستاویزی فلمیں (Documentaries) دیکھنے کا موقع مل جاتا ہے اور اس دوران بغیر کسی تھکاوٹ کے سفر کٹ
جاتا ہے۔
حسبِ معمول، کچھ ماہ پہلے جب میں لاہور سے
راولپنڈی جانے والی بس میں سفر کر رہا تھا، تو مجھے ایک ایسی فلم دیکھنے کا موقع
ملا جس نے مجھے اندر تک متاثر کیا۔ میں نے سوچا کہ اس فلم کا ایک مختصر اور فکری
جائزہ آپ کے ساتھ شیئر کروں۔
"دی گھوسٹ ٹریپ" (The Ghost Trap) 2024 کی ایک امریکی ڈراما اور تھرلر فلم ہے، جس کی ہدایت کاری جیمز خانلیرین (James Khanlarian) نے کی ہے۔ یہ فلم کے۔ سٹیفنز (K. Stephens) کے اسی نام کے ناول پر مبنی ہے۔ کہانی امریکی ریاست 'مین' (Maine) کے ایک چھوٹے سے ماہی گیری کے قصبے میں سیٹ کی گئی ہے، جس کا مرکزی محور 'جیمی ایگلی' (Jamie Eugley) نامی ایک نوجوان لابسٹر مین (جھینگا مچھلی کا شکاری) ہے۔
فلم کا آغاز جیمی ایگلی کی لابسٹر بوٹ (کشتیاں اور جال کا نظام) سے ہوتا ہے جو ناظرین کو گہرے پانیوں کے سفر پر لے جاتی ہے۔ جیمی کے ساتھ کشتی پر اس کی خوبصورت گرل فرینڈ 'انجا' (Anja) بھی ہے، جس سے وہ دل کی گہرائیوں سے محبت کرتا ہے اور جس کے بغیر وہ ایک لمحہ رہنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ جیمی نے حال ہی میں اسے پروپوز کیا ہے، اور وہ کشتی پر جھینگے پکڑنے کے کٹھن کام میں مسلسل اس کا ہاتھ بٹاتی ہے۔
اچانک ان کی کشتی کے پاس سے ایک دوسری کشتی انتہائی تیز رفتاری سے گزرتی ہے، جس کے نتیجے میں اٹھنے والی بپھری لہریں ان کی کشتی کا توازن بگاڑ دیتی ہیں۔ جیمی مہارت کے ساتھ اپنی کشتی کو تو سنبھال لیتا ہے، لیکن جب وہ مڑ کر دیکھتا ہے تو انجا وہاں موجود نہیں ہوتی۔ وہ شدید پریشان ہو کر پکارنے لگتا ہے اور اسے فوراً احساس ہوتا ہے کہ وہ پانی میں گر چکی ہے۔ سطحِ آب پر کچھ نظر نہ آنے کے باوجود، وہ اندازے کے مطابق اس جگہ پانی میں غوطہ لگاتا ہے۔ بالاخر، وہ انجا کو بے ہوشی کی حالت میں نکالنے میں کامیاب ہو جاتا ہے اور اسے ہسپتال پہنچایا جاتا ہے۔ وہ اتفاق سے بچ تو جاتی ہے، لیکن اس کا دماغ شدید متاثر ہوتا ہے اور یادداشت کمزور ہو جاتی ہے۔ اس دماغی چوٹ (Trauma) کے باعث اس کی تعلیمی، ذہنی اور طرزِ عمل کی زندگی یکسر بدل جاتی ہے۔ وہ کئی ماہ ہسپتال میں داخل رہتی ہے، جہاں وہ ایک چھوٹی بچی کی طرح برتاؤ کرتی ہے، بات کرتے ہوئے ہکلاتی ہے اور اپنی یادداشت کے ساتھ شدید جدوجہد کرتی نظر آتی ہے۔
ہسپتال کے ماحول سے تنگ آ کر وہ ایک دن جیمی سے کہتی ہے کہ "مجھے اپنے ساتھ گھر لے جاؤ"۔ یہ بات وہاں موجود لیڈی ڈاکٹر بھی سن لیتی ہے اور وہ جیمی کو مشورہ دیتی ہے کہ اسے گھر لے جانا ہی بہتر ہوگا، کیونکہ مانوس ماحول میں رہنے سے اس کی ذہنی حالت میں بہتری کی امید کی جا سکتی ہے، جبکہ ہسپتال میں مزید رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ آخر کار، جیمی اسے گھر لے آتا ہے۔
فلم میں انجا کی اس بدلی ہوئی حالت، بالخصوص اس کی تاخیر شدہ گفتگو (Delayed Speech) اور دماغ کی مجموعی صلاحیت کو بڑی گہرائی سے دکھایا گیا ہے۔ فلم کا یہ منظر انتہائی المناک ہے جہاں ایک پیشہ ور آرٹسٹ اور ٹیچر ہونے کے باوجود، وہ اچانک بچوں جیسی معصومانہ حرکتیں کرنے لگتی ہے۔ جیمی اس کی دیکھ بھال میں اس حد تک مگن ہو جاتا ہے کہ خود کو بھی بھول جاتا ہے، لیکن اپنی محبت کو اس حالت میں دیکھ کر اکثر تنہائی میں آنسو بہاتا ہے۔
ایک طرف جہاں جیمی، انجا کی اس ذہنی معذوری کے باوجود اس کے ساتھ جذباتی وابستگی برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے، وہیں اسے شدید معاشی بحران اور پانی کے اوپر ایک خطرناک تنازع کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک حریف ماہی گیر خاندان اس کے لابسٹر ٹریپنگ سسٹم (جال کے نظام) کو تباہ کر دیتا ہے، جس کے نتیجے میں سمندر پر ایک "ٹریپ وار" (Trap War) شروع ہو جاتی ہے جو اس کی روزی روٹی اور برادری کے استحکام کو خطرے میں ڈال دیتی ہے۔
یہاں فلم جیمی کی اندرونی اور بیرونی جدوجہد کو آشکار کرتی ہے۔ انجا کے لیے بے پناہ عقیدت کے باوجود، لابسٹر کے کاروبار کا بڑھتا ہوا دباؤ اور حالات کی تلخی اسے اس بات پر مجبور کرتی ہے کہ وہ انجا کے وجود کو اپنے اوپر ایک بوجھ محسوس کرنے لگے۔ اسی بے رحم لاشعوری تضاد پر قابو نہ پا کر، وہ ایک نئے رشتے کے لالچ میں آ جاتا ہے۔ اپنے اندر کے احساسِ محرومی اور تھکن سے بچنے کے لیے، وہ 'ہیپی' (Happy) نامی ایک خوبصورت نوجوان عورت کی باہوں میں پناہ لیتا ہے، جو کچھ وقت کے لیے اس کی تمام پریشانیاں بھلا دیتی ہے۔ وہ جیمی کے سامنے کسی پری کی طرح نمودار ہوتی ہے اور اپنے جادوئی الفاظ سے اسے ایک دوسری دنیا کے سفر پر لے جاتی ہے۔ یہ نیا رشتہ اسے ایک ایسے موڑ پر لا کھڑا کرتا ہے جہاں اسے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ اخلاقی طور پر کیا صحیح ہے اور بقا کے لیے کیا ضروری ہے۔
فلم کے کلائمیکس میں ایک دن انجا اپنی ذہنی
حالت کے باعث کسی الجھن کا شکار ہو کر جیمی کو ڈھونڈنے کے لیے اس کے والد کے
لابسٹر فارم پر فون کرتی ہے۔ جیمی کا والد، جو پہلے ہی ایک تلخ اور جارحانہ مزاج
کا شخص ہے، فون پر کہہ دیتا ہے کہ "وہ اسی لڑکی کے ساتھ ہوگا جس سے وہ روز
ملتا ہے"۔ یہ سچائی انجا کے نازک دماغ پر ایک اور گہرا جھٹکا لگاتی ہے، جس کے
نتیجے میں وہ ذہنی طور پر مزید ٹوٹ جاتی ہے اور اسے دوبارہ ہسپتال کے متبادل مرکز
کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ فلم کے آخری منظر میں جیمی کو اپنی اس ازلی تنہائی، معاشی
مجبوریاں اور محبت کی شکست پر زار و قطار روتا ہوا دکھایا گیا ہے۔ یہ فلم محض ایک ڈراما یا تھرلر نہیں
ہے، بلکہ یہ محبت، وفاداری، بے وفائی، سماجی المیے، قدرتی مصائب اور
ماہی گیروں کی زندگی کی تلخ حقیقتوں کا ایک گہرا نفسیاتی مطالعہ ہے۔

کوئی تبصرے نہیں: