اردو غزل کے چار ستون: میر، غالب، ناصر اور فیض کا تقابلی سفر
از:شہباز علی سولنگی
اردو غزل محض ایک صنفِ سخن نہیں
بلکہ یہ برصغیر کی تہذیبی، سیاسی اور نفسیاتی تاریخ کا ایک زندہ جاوید صحیفہ ہے ۔ ولی
دکنی سے شروع ہونے والا یہ خوبصورت سفر جب میر تقی میر کے عہد میں پہنچا تو غزل کو
اپنی اصل شناخت اور "دل و دلی" کا مرثیہ میسر آیا ۔ غزل کی اس کائنات
میں میر تقی میر، مرزا اسد اللہ خان غالب، ناصر کاظمی اور فیض احمد فیض وہ چار
بنیاد ساز ستون ہیں جن پر اردو کی شعری روایت کا قصرِ رفیع ایستادہ ہے ۔ میر نے
غزل کو سوز و گداز اور سادگی دی، غالب نے اسے فکر و فلسفہ اور ندرتِ خیال سے
ہمکنار کیا، ناصر کاظمی نے ہجرت کے دکھ اور ماضی کی بازیافت سے جدید غزل کی بنیاد
رکھی، اور فیض نے رومان و انقلاب کے حسین امتزاج سے غزل کو ایک نیا آفاقی شعور
بخشا ہے ۔ فنِ غزل کے تناظر میں ان چاروں شعرا کا مطالعہ ہمیں یہ سمجھنے میں مدد
دیتا ہے کہ کس طرح ایک صنفِ سخن نے مختلف ادوار کے فکری تغیرات کو اپنے اندر سمویا
ہے ۔ میر کے ہاں جو داخلیت اور شکستِ دل کی آواز ہے، وہ غالب کے ہاں پہنچ کر کائنات
اور وجود کے سوالات میں بدل جاتی ہے ۔ بعد کے ادوار میں ناصر کاظمی اسی میر کی
روایت کو بیسویں صدی کے ہجرت زدہ انسان کا نوحہ بنا دیتے ہیں، جبکہ فیض اس انفرادی
دکھ کو اجتماعی اور سیاسی جدوجہد کے ساتھ مربوط کر دیتے ہیں ۔
میر تقی میر کو اردو غزل کا امام
اور "خدائے سخن" کہا جاتا ہے ۔ ان کی غزل گوئی کا بنیادی وصف وہ سوز و
گداز ہے جو ان کے ذاتی حالات اور اس دور کے سیاسی انتشار کا حاصل تھا ۔ میر کی
شاعری کی سب سے بڑی فنی خوبی ان کی سادگی اور صفائی ہے، جسے ادبی اصطلاح میں
"سہلِ ممتنع" کہا جاتا ہے ۔ وہ پیچیدہ خیالات کو بھی عام فہم اور روزمرہ
کی زبان میں بیان کرنے کی غیر معمولی قدرت رکھتے تھے ۔ انہوں نے اپنی قلبی واردات
کو شاعری کا محور بنایا اور فارسی و ہندی کے عناصر کا ایسا امتزاج پیش کیا جس نے
اردو غزل کو ایک نئی نغمگی، موسیقیت اور ترنم عطا کیا ۔ میر کے ہاں مکالماتی انداز
بھی ملتا ہے اور وہ الفاظ کے ذریعے جیتے جاگتے مناظر تخلیق کرتے ہیں ۔ ان کی زندگی
دکھ درد کی تصویر تھی؛ بچپن ہی سے مصائب، والدین کا سایہ اٹھنا، عشق میں ناکامی
اور دہلی کی تباہی و سیاسی شورش نے انہیں حد سے زیادہ حساس بنا دیا تھا ۔ یہی وجہ
ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے رنج و غم جمع کر کے دیوان بنایا اور اپنے کلام میں
قنوطیت اور ناامیدی کے ساتھ چھوٹے مصرعوں میں بڑی باتیں کہہ گئیں ۔ ان کا یہ شعر
ان کی فنی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے:
پتا پتا بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے
جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے
اگر میر تقی میر جذبات کے شاعر
ہیں تو مرزا غالب فکر و خیال کے شہنشاہ ہیں ۔ غالب سے پہلے اردو غزل صرف روایتی
جذبات و احساسات اور گل و بلبل کے قصوں تک محدود تھی، لیکن غالب نے فکر و فلسفے کو
غزل میں سمو کر انسانی وجود، خدا اور کائنات کے پیچیدہ مسائل سے روشناس کرایا ۔ غالب
ایک فلسفیانہ ذہن کے مالک تھے جن کی شاعری میں انسان، خدا اور کائنات کی مثلث
موجود ہے اور وہ اس دنیا کو ایک "بازیچۂ اطفال" سمجھتے تھے ۔ غالب کا
کمال یہ ہے کہ وہ سنجیدہ اور فکر انگیز خیال کو بھی ظرافت اور رندانہ مزاج کی
چاشنی میں پیش کرنے کا ہنر جانتے ہیں ۔ ان کی شاعری میں جہاں مشکل پسندی اور فارسی
آمیز تراکیب ملتی ہیں، وہیں معنوی وسعت، تصوف اور معرفتِ الہی کے باریک نکتے بھی
موجود ہیں ۔ میر اور غالب دونوں کی پیدائش آگرہ میں ہوئی اور دونوں بچپن میں ہی
باپ کے سائے سے محروم ہو گئے تھے، لیکن ان کے فن میں واضح فرق ہے ۔ ناقدین کے
مطابق غالب کا تخیل "آسمانی" ہے جبکہ میر کا تخیل "زمینی" ہے ۔
معاملاتِ عشق میں میر کا رویہ عجز و نیاز کا عکاس ہے، جبکہ غالب محبوب کے سامنے
بھی اپنی انا اور خودی کو برقرار رکھتے ہیں ۔ جیسا کہ غالب کا شعر ہے:
نہ تھا کچھ تو خدا تھا کچھ نہ ہوتا تو خدا ہوتا
ڈبویا مجھ کو ہونے نے نہ ہوتا میں تو کیا ہوتا
بیسویں صدی میں ناصر کاظمی جدید
غزل کے افق پر ابھرے جنہیں اپنے عہد کا "میر" کہا جاتا ہے ۔ ناقدین کا
ماننا ہے کہ جہاں سے میر نے غزل کو چھوڑا تھا، وہیں سے ناصر نے اس کی شروعات کی ۔ ناصر
کی شاعری میں تقسیمِ ہند کے بعد کا دکھ، ہجرت کا المیہ، بچھڑے ہوئے لوگوں کی یاد
اور تنہائی کا وہ کرب ملتا ہے جو جدید دور کے سماجی و نفسیاتی حالات کا آئینہ دار
ہے ۔ ناصر نے میر جیسی سادگی، دھیما لہجہ اور داخلی سوز و گداز اپناتے ہوئے ان کے
اسلوب کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا ۔ ناصر کاظمی نے اپنی شاعری میں
"رات"، "چاند" اور "بارش" جیسے استعاروں اور فطرت
کے مناظر کو اداسی کے بیانیے اور جذباتی اظہار کا ذریعہ بنایا ۔ انہوں نے میر کی
طرز کو زندہ کر کے یہ ثابت کر دیا کہ غزل ہر عہد کے دکھوں اور جدید عہد کے بکھرتے
ہوئے انسان کے نفسیاتی و سماجی دکھوں کو سمیٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ ان کا
یہ شعر ان کی اسی کیفیت کو واضح کرتا ہے:
ہمارے گھر کی دیواروں پہ ناصر
اداسی بال کھولے سو رہی ہے
اردو غزل کے چوتھے ستون فیض احمد
فیض ہیں، جنہوں نے یہ ثابت کیا کہ غزل کے روایتی اور نازک سانچے میں انقلابی اور
سیاسی مضامین کو بھی فنکارانہ مہارت اور جمالیاتی احساس کے ساتھ سمویا جا سکتا ہے ۔
فیض کے ہاں رومان اور انقلاب کا ایسا حسین سنگم ملتا ہے کہ ان کی شاعری میں کہیں
بھی تلخی یا نعرہ بازی کا احساس نہیں ہوتا ۔ انہوں نے مواد اور ہیئت کی دوئی کو
ختم کر کے "غمِ جاناں" اور "غمِ دوراں" کو ایک ہی پیکر میں
یکجا کر دیا ۔ ترقی پسند تحریک سے وابستگی کے بعد ان کی شاعری میں سیاسی و سماجی
شعور مزید گہرا ہو گیا ۔ فیض نے قید و بند کی تلخیوں کو بھی اپنی شاعری (جیسے دستِ
صبا اور زنداں نامہ) میں جمالیاتی رنگ عطا کیا، جہاں جیل کی دیواریں بھی انہیں سحر
کی نوید سناتی تھیں ۔ غالب نے غزل کو جو فکر و فلسفہ دیا تھا، فیض نے اسی فنی
معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اسے سیاسی و سماجی شعور اور علامتی اسلوب سے جوڑ دیا ۔
غالب کے ہاں کائنات ایک تماشا ہے، جبکہ فیض کے ہاں یہ جدوجہد کا میدان ہے ۔ فیض کا
یہ رنگ دیکھیے:
مقام فیض کوئی راہ میں جچا ہی نہیں
جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے
اردو غزل
کا ارتقاء ان چاروں شعرا کی کاوشوں کا مرہونِ منت ہے ۔ میر کی دردمندی، غالب کی
بلند فکری، ناصر کی یادوں بھری اداسی اور فیض کا انقلابی تغزل مل کر اردو غزل کا
وہ مکمل نقشہ پیش کرتے ہیں جس میں انسانی زندگی کے تمام رنگ موجود ہیں ۔ ان شعرا
کا آپس میں تقابل یہ ظاہر کرتا ہے کہ غزل ایک جامد صنف نہیں بلکہ ایک بہتا ہوا
دریا ہے جو ہر عہد کی مٹی سے نیا رنگ حاصل کرتا ہے ۔ میر سے فیض تک کا یہ سفر
دراصل برصغیر کے انسان کے شعور کا سفر ہے، جس نے دکھ کو جھیلا، کائنات کو سمجھا،
ماضی کو یاد کیا اور ایک روشن مستقبل کے لیے آواز بلند کی ۔ اردو غزل ہمیشہ ان
عظیم شعرا کی مرہونِ منت رہے گی جنہوں نے اپنے خونِ دل میں انگلیاں ڈبو کر اس صنف
کو آفاقی عظمت عطا کی ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں: